فضل الرحمان کی بے نامی جائیداد کا کھیل بے نقاب، اسد محمود کے چار کنال گھر کا کاغذی مالک اور فرنٹ مین جاوید اقبال گرفتار، تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع

فضل الرحمان کی بے نامی جائیداد کا کھیل بے نقاب،  اسد محمود کے چار کنال گھر کا کاغذی مالک اور فرنٹ مین جاوید اقبال گرفتار، تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مبینہ فرنٹ مین اور اسد محمود کے زیرِ تعمیر چار کنال کے گھر سے متعلق تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے نے گھر کے مالک جاوید اقبال ساکن کرک کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد اس جائیداد کی ملکیت اور مبینہ خرید و فروخت کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور، مکان نمبر 11، گلی نمبر 83 میں واقع چار کنال کا مذکورہ گھر اسد محمود کے زیرِ استعمال اور زیرِ تعمیر بتایا جاتا ہے، جبکہ کاغذی کارروائی میں اس جائیداد کا مالک جاوید اقبال سامنے آیا تھا۔ تحقیقاتی ادارے نے اسی معاملے کی چھان بین کے دوران جاوید اقبال کو حراست میں لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش جاوید اقبال نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ چار کنال کا زیرِ تعمیر گھر کاغذی کارروائی میں مزید فروخت کیا جا چکا ہے اور اس کی ملکیت کسی دوسرے شخص کے نام منتقل کی گئی ہے۔ اس انکشاف کے بعد تحقیقات کا رخ ایک نئے ممکنہ خریدار اور جائیداد کے مبینہ نئے مالک کی جانب ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے جدید ابتدائی انتباہی نظام متعارف، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز کے ذریعے ریئل ٹائم نگرانی جاری

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے اب اس شخص کی شناخت اور اس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا نام جاوید اقبال نے دورانِ تفتیش نئے خریدار اور گھر کے نئے مالک کے طور پر بتایا ہے۔ تفتیش کاروں کی کوشش ہے کہ معلوم کیا جا سکے کہ چار کنال کی اس قیمتی جائیداد کی ملکیت کس طریقہ کار کے تحت منتقل کی گئی، فروخت کے کاغذات میں کس شخص کا نام درج کیا گیا اور اس مبینہ منتقلی کے پس پردہ اصل حقائق کیا ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مبینہ مالک تک رسائی کے بعد اس جائیداد کی خرید و فروخت، مالی لین دین، ملکیتی دستاویزات اور اسد محمود سے اس کے تعلق کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔ تحقیقاتی ادارہ اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہا ہے کہ آیا جائیداد کی ملکیت کی مزید منتقلی کسی حقیقی خرید و فروخت کا حصہ تھی یا اس کے ذریعے اصل مالک اور جائیداد سے متعلق حقائق کو پردے میں رکھنے کی کوشش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق جاوید اقبال کے انکشاف نے اس معاملے میں ایک نیا رخ پیدا کر دیا ہے اور اب تحقیقات کا اہم مرکز وہ شخص بن گیا ہے جس کے نام پر مبینہ طور پر اسد محمود کا زیرِ تعمیر گھر منتقل کیا گیا ہے۔ نئے مالک کی شناخت اور اس کے مالی معاملات کی چھان بین کے بعد اس جائیداد کی اصل ملکیت اور خرید و فروخت سے متعلق مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles