کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں اہم قومی اور اقتصادی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے نوٹ متعارف کروائے جائیں گے۔ نئے کرنسی نوٹوں میں بہتر سیکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا، اور ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی تنوع، تاریخی یادگاروں کے علاوہ خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم سماجی موضوعات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر تفصیلی غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاکہ تمام پہلوؤں پر جامع جائزہ لیا جا سکے۔

اسی اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیز کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ سے متعلق پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کے مسودے کو مزید غور و خوض کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق اہم خبر آگئی

مزید برآں، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات ملکی مالیاتی نظام کی شفافیت، اقتصادی پالیسیوں کی درستگی اور حج کے انتظامات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، جبکہ کرنسی نوٹوں کی نئے ڈیزائن سے نہ صرف معیار اور سیکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ اہم سماجی اور تاریخی موضوعات کی عکاسی بھی ممکن ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *