ایف بی آر نے آئی فون سمیت چار درآمدی موبائل فون برانڈز پر عائد ’پی ٹی اے ٹیکس‘ میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے استعمال شدہ اور پرانے برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد کے لیے نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد درآمدی ڈیوٹیز کو عالمی مارکیٹ میں رائج قیمتوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز ویلیوایشن رولنگ نمبر 2035 آف 2026 جاری کی۔
جاری کردہ رولنگ کے مطابق نئی ویلیوز 62 اقسام کے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی کمرشل درآمد پر لاگو ہوں گی۔ یہ ویلیوز بغیر پیکنگ اور بغیر کسی ایکسیسریز کے درآمد کیے جانے والے موبائل فونز پر نافذ ہوں گی، جن میں ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل سمیت دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق اس سے قبل جاری کی گئی ویلیوایشن رولنگ ڈیڑھ سال سے زائد پرانی ہو چکی تھی اور موجودہ عالمی مارکیٹ کے حالات کی عکاسی نہیں کر رہی تھی۔ اس دوران کئی نئے اسمارٹ فون ماڈلز مارکیٹ میں آ چکے ہیں جبکہ متعدد پرانے ماڈلز اپنی لائف سائیکل کے اختتام پر پہنچ چکے ہیں، جس کے باعث ان کی قیمتوں میں کمی اور ڈیپریسی ایشن کو مدنظر رکھنا ضروری ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ درآمدی دستاویزات میں ظاہر کی جانے والی قیمتوں اور عالمی مارکیٹ میں اصل قیمتوں کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا، جس کے بعد کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات 25 اور 25A کے تحت نئی ویلیوایشن مشق کا آغاز کیا گیا۔ نئی رولنگ کے تحت کسٹمز ڈیوٹیز اور ٹیکسز فون کی ظاہری حالت یا گریڈ سے قطع نظر، کسٹمز کی جانب سے مقرر کردہ فکسڈ ویلیوز پر وصول کیے جائیں گے۔
رولنگ کے مطابق استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمد کے لیے یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ فون کم از کم چھ ماہ قبل ایکٹیویٹ ہو چکا ہو۔ درآمد کنندگان کو ایکٹیویشن کی مدت ظاہر کرنا ہوگی، جس کی تصدیق متعلقہ اسیسنگ افسران کریں گے۔ ایسے برانڈز یا ماڈلز جو ویلیوایشن ٹیبل میں شامل نہیں ہوں گے، ان کی قیمتوں کا تعین کسٹمز ایکٹ کی دفعات 25(5) اور 25(6) کے تحت کیا جائے گا۔
نئی ویلیوایشن کے تحت استعمال شدہ ایپل آئی فونز، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے متعدد ماڈلز کی کسٹمز ویلیوز مقرر کی گئی ہیں۔ مثال کے طور پر استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی کسٹمز ویلیو 460 امریکی ڈالر، آئی فون 14 پرو میکس 360 ڈالر، آئی فون 13 پرو میکس 295 ڈالر جبکہ آئی فون 11 کی ویلیو 95 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح سام سنگ گلیکسی ایس 23 الٹرا کی ویلیو 255 ڈالر، گلیکسی ایس 22 الٹرا 160 ڈالر اور گلیکسی نوٹ 20 الٹرا 115 ڈالر رکھی گئی ہے۔ گوگل پکسل 9 پرو ایکس ایل کی کسٹمز ویلیو 260 ڈالر جبکہ ون پلس 12 کی ویلیو 184 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ ویلیوایشن کے عمل کے دوران اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے گئے اور درآمد کنندگان کو اپنے مؤقف کے حق میں دستاویزات جمع کرانے کی دعوت دی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ نے 90 دنوں کے درآمدی ڈیٹا کا جائزہ لیا، مارکیٹ سروے کیے اور مقامی مارکیٹس کا دورہ کر کے اصل فروخت قیمتوں کا اندازہ لگایا۔ چونکہ ٹرانزیکشن ویلیوز اور موازنہ درآمدی ڈیٹا میں تضادات پائے گئے، اس لیے کسٹمز ایکٹ کی دفعہ 25(7) کے تحت مارکیٹ انکوائری کی بنیاد پر حتمی C&F ویلیوز کا تعین کیا گیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق نظرثانی شدہ ویلیوایشن سے انڈر انوائسنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، ریونیو کلیکشن میں بہتری آئے گی اور استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمد کے عمل میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔