کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونے نے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے،صرافہ بازاروں میں قیمتوں کے اس اچانک اضافے نے خریداروں اور سرمایہ کاروں دونوں کو حیران کر دیا ہےجبکہ عام صارفین کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے تک جا پہنچا۔
یہ سطح اب تک کی بلند ترین قیمت قرار دی جا رہی ہے اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس میں 3 ہزار 686 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
بازار ذرائع کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس تیزی کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی طلب ہے بین الاقوامی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر میں اضافہ، عالمی سیاسی کشیدگیاں اور کرنسیوں کی قدر میں اتار چڑھاؤ جیسے عوامل نے سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر مزید مضبوط بنا دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر موجودہ حالات برقرار رہے تو سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔ بعض ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہےجبکہ کچھ کا خیال ہے کہ وقتی منافع خوری کے بعد معمولی کمی بھی دیکھنے میں آ سکتی ہے تاہم مجموعی رجحان مہنگائی کی طرف ہی دکھائی دے رہا ہے۔
دوسری جانب، زیورات کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے خرید و فروخت میں واضح کمی آ رہی ہے، خاص طور پر شادی بیاہ کے سیزن میں عام خریدار شدید متاثر ہو رہے ہیں عوام کی بڑی تعداد اب سونا خریدنے کے بجائے انتظار کی پالیسی اختیار کر رہی ہے۔