بادل گرجنے برسنے کو تیار لیکن کب؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی آگئی

بادل گرجنے برسنے کو تیار لیکن کب؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی آگئی

ملک بھر میں موسم نے اچانک رخ بدل لیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، سرد ہوائیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافے  کا امکان ہے۔

لاہور کا موسم

لاہور میں اگرچہ دن کے اوقات میں سورج نظر آ رہا ہے، تاہم ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کا احساس بدستور برقرار ہے،  شہر میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق آج لاہور میں بارش کے امکانات  زیادہ ہیں، جس سے موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی بھی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے ، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 340 تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے،  مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح خطرناک حد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں بارش؟

کراچی میں بھی موسم میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہیں جہاں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے شہر میں بارش کا آغاز ہو سکتا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

شہرقائد کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے جبکہ  ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث موسم مزید سرد محسوس کیا جا رہا ہے۔

 فضائی آلودگی کے اعتبار سے کراچی اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے۔

اسلام آباد کااحوال

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم کے تیور بگڑے لگتے ہیں،  محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے امکانات موجود ہیں جبکہ  صبح کے وقت موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

محکمہ موسمیات کے مطابق  بعض علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے،  اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں برفباری کا آغاز

شمالی بلوچستان میں موسم سرما نے باقاعدہ دستک دے دی ہے جہاں چمن اور اس سے ملحقہ بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے بعد موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، کوژک، زیارت، پشین، توبہ کاکڑی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں کئی انچ برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث اہم شاہراہیں بند ہو گئی ہیں اور آمد و رفت شدید متاثر  ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قلعہ سیف اللہ میں برفباری اور بارش کا سلسلہ شام تک جاری رہنے کا امکان ہے ،  مستونگ میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے، شہر میں برفباری سے زمین نے سفید چادر اوڑھ لی، خاران اور پنجگور شہراور گرد و نواح میں بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مقامی آبادی کے مطابق امدادی اداروں کی جانب سے تاحال خاطر خواہ اقدامات سامنے نہیں آئے، جس پر عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی  ہے کہ آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے مختلف حصوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *