خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
حکام کے مطابق کوہاٹ میں ایک فارم ہاؤس پر کامیاب چھاپے کے دوران ایک اہم دہشت گرد سیل کو بے نقاب کیا گیا، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور عسکری نوعیت کا سامان برآمد کر لیا گیا۔
یہ کارروائی سکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ کارروائی بروقت نہ کی جاتی تو ایک بڑا سانحہ رونما ہو سکتا تھا، تاہم سکیورٹی اداروں کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث ممکنہ تباہی کو ٹال دیا گیا۔
کارروائی کے دوران فارم ہاؤس سے دو عدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور آئی ای ڈی بنانے کے مختلف پرزہ جات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والے سامان میں پرائما کورڈ، ڈیٹونیٹرز اور دو دستی بم بھی شامل ہیں، جو کسی بڑی دہشت گرد کارروائی کے لیے استعمال کیے جا سکتے تھے۔
چھاپے کے دوران جدید اور خطرناک اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جن میں ایک اسنائپر رائفل، دس میگزین اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ اسلحہ کسی منظم اور تربیت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ فارم ہاؤس سے طبی امدادی کٹس، مواصلاتی آلات، متعدد سم کارڈز، تین لیپ ٹاپس اور تین موبائل فونز بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں، جن کی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ روابط اور منصوبوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دہشت گرد عناصر کے سہولت کاروں اور ممکنہ ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔