وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے لیے درکار تمام جواز تحریک انصاف کی جانب سے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے میں موجودہ صورتحال برقرار رہی تو وسط مدتی انتخابات کی طرف جانا پڑ سکتا ہے۔
اختیار ولی نے یہ بات نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ایک احتجاج بھی نہیں کر سکے، اس لیے وفاقی حکومت ان سے خوف زدہ کیوں ہوگی۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ گورنر راج کے لیے جن عناصر کی ضرورت ہوتی ہے وہ سب پی ٹی آئی دے چکی ہے،گورنر راج نافذ ہو یا نہ ہو، اصل ضرورت خیبرپختونخوا کے حالات بہتر بنانے کی ہے، اس سے قبل انہوں نے ایک الگ پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ گورنر راج ایک آپشن ہوسکتا ہے، تاہم صوبے کے حالات میں بہتری لانا بنیادی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سیاسی جماعتیں اتفاقِ رائے سے نئے صوبوں کا حل نکال سکتی ہیں: اختیار ولی
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں موجودہ حالات کے باعث وسط مدتی انتخابات کی طرف جانا پڑے گا،اختیار ولی نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اخراجات اور فنڈز کے استعمال پر بھی سوال اٹھایا، ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت پیسہ خرچ کر رہی ہے تو اس کے نتائج بھی نظر آنے چاہئیں۔


