انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کے معروف کرکٹر اور بیٹر آرون جونز پر اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق آرون جونز کو اپنے خلاف عائد الزامات کا جواب جمع کرانے کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہےجس کے دوران وہ کسی بھی سطح پر کرکٹ کھیلنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
31 سالہ آرون جونز اس وقت سری لنکا میں جاری امریکی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا حصہ تھے، جہاں 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کیا جا رہا تھا۔امریکا کی جانب سے تاحال ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا تاہم اطلاعات کے مطابق تربیتی کیمپ میں شامل 18 کھلاڑیوں میں سے 15 رکنی ٹیم منتخب کیے جانے کا امکان تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے معطلی کے بعد آرون جونز اب ورلڈ کپ اسکواڈ کے انتخاب کے لیے نااہل ہو چکے ہیں، جس سے امریکی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان کے مطابق آرون جونز پر عائد الزامات کی اکثریت 2023-24 کے بیم 10 (Bim10) ٹورنامنٹ سے متعلق ہے، جو بارباڈوس میں منعقد ہوا تھا اور کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
اس کے علاوہ دو الزامات کا تعلق بین الاقوامی میچز سے بھی بتایا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق آرون جونز پر میچ فکسنگ، میچ کے نتیجے، پیش رفت یا طرزِ عمل پر غیر قانونی اثر انداز ہونے، مشکوک پیشکشوں کی اطلاع بروقت نہ دینے، تفتیش میں تعاون سے انکار، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو مکمل معلومات فراہم نہ کرنے اور شواہد چھپانے یا ان میں رد و بدل کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی ایک وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہے اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ آئندہ دنوں میں دیگر کھلاڑیوں یا افراد کے خلاف بھی الزامات سامنے آ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ آرون جونز نے 2019 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا ۔
وہ امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 52 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے کینیڈا کے خلاف 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ پاکستان کے خلاف تاریخی فتح میں ناقابلِ شکست 36 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آرون جونز مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز، جن میں کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل)، میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) اور بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) شامل ہیں، میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔