8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا بڑا اعلان

8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام  ہڑتال کا بڑا اعلان

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا گیا ہے تاہم اگر ان پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملک بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کر دیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اس فیصلے پر متفق ہیں اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کو پیش کیے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ میں سب سے اہم مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کو تبدیل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے اس لیے قیمتیں دوبارہ ماہانہ بنیاد پر مقرر کی جائیں اور حالیہ اضافے واپس لیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایزی پیسہ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، اگست میں نئی آفرز اور سہولتیں

ٹرانسپورٹرز نے ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافے کو بھی مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس کو 30 جون 2024 کی سطح پر واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور ایندھن کی قیمتوں نے مال برداری کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس کا بوجھ بالآخر عوام پر پڑتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر کے اسے آئل ٹینکرز کی طرز پر 2 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اتحاد کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی موجودہ شرح ٹرانسپورٹ کاروبار کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے مزید مطالبہ کیا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے اور اوورلوڈنگ کی مکمل روک تھام کی جائے۔ انہوں نے کسٹمز کے ایس آر او 1619/2024 کے خاتمے ڈرائیوروں کے لیے ٹیسٹ کے بعد فوری ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا اور کراچی پورٹ و پورٹ قاسم کے اطراف ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے مناسب پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو جلائے جانے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:خراب بجلی میٹر تبدیل کرانے کے قواعد بدل گئے، صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

ٹرانسپورٹ اتحاد نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی کے قانون اور روڈ حادثات کی صورت میں 97 لاکھ روپے دیت سے متعلق قانون کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے دوران تھرڈ پارٹی انشورنس کے نام پر مبینہ اضافی وصولیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے 8 اگست سے قبل ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے پیش رفت نہ کی تو ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی جائے گی، جس سے اشیائے خورونوش، صنعتی خام مال اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles