پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں گاڑیوں میں ہر قسم کی تیز روشنیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہائی بیم لائٹس، لیزر لائٹس اور موڈیفائیڈ ہیڈلائٹس کا استعمال اب ممنوع ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رات کے وقت ہائی بیم لائٹس انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن رہی ہیں اور یہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ بھی ہیں، جس کے پیشِ نظر ان روشنیوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ ان کی خرید و فروخت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور اپنی گاڑیوں میں ہائی بیم یا دیگر ممنوعہ لائٹس نصب کرنے سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔