عمران خان کا ایکس اکاونٹ کون چلا رہا ہے؟ این سی سی آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

عمران خان کا ایکس اکاونٹ کون چلا رہا ہے؟ این سی سی آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے متعلق جاری تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے، جس کے باعث تفتیشی عمل میں پیش رفت متاثر ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے اڈیالہ جیل میں کی جانے والی تفتیش سے متعلق اپنا موقف سامنے لایا گیا ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بانی کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹس کے حوالے سے دو الگ الگ انکوائریز بھی شروع کی جا چکی ہیں۔

این سی سی آئی اے نے اس حوالے سے عدالت میں ایک رپورٹ جمع کرائی، جس میں بتایا گیا کہ ایکس اکاؤنٹ کی معطلی کے لیے دائر درخواست کے جواب میں تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور اب تک کیے گئے اقدامات سے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی آگاہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی تفتیشی عمل میں تعاون نہیں کر رہے۔ ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ اس عدم تعاون کے باعث تحقیقات آگے بڑھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق بانی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق دو علیحدہ انکوائریز 19 مئی 2024 اور 13 ستمبر 2024 کو رجسٹرڈ کی گئیں، جو تاحال زیر التوا ہیں۔ ان انکوائریز کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیے گئے مواد اور اکاؤنٹ کے استعمال سے متعلق حقائق کا تعین کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو کون کون سی کتابیں فراہم کی گئیں؟

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تحقیقاتی ٹیم نے متعدد بار اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تاکہ عمران خان سے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے استعمال کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا سکے۔ تاہم، تفتیش کے دوران یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے اور اس کی نگرانی کس کے پاس ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تفتیش میں تعاون سے انکار کیا اور یہ بھی نہیں بتایا کہ ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کون استعمال کر رہا ہے۔ ایجنسی کے مطابق تعاون نہ کیے جانے کی وجہ سے تحقیقات میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی اور انکوائری کا عمل اب بھی جاری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *