مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بڑا دھچکا ، چکن کی قیمت میں حیران کن اضافہ

مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بڑا دھچکا ، چکن کی قیمت میں حیران کن اضافہ

لاہور میں بسنت فیسٹیول کی آمد کیساتھ ہی مرغی کے گوشت کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث برائلر مرغی اور اس کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

 مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے گھر میں دعوتوں اور بسنت کی سرگرمیوں کے باعث چکن کے استعمال میں اضافے نے نرخوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں برائلر گوشت کی قیمت میں آج مزید 8 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران مجموعی طور پر برائلر گوشت کی قیمت میں 29 روپے فی کلو کا اضافہ ہو چکا ہے۔

اس اضافے کے بعد آج برائلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 548 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جو عام صارفین کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔

مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی کا فارم ریٹ 350 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم سپلائی میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث سیلرز کو زندہ برائلر 360 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔

 تھوک مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 364 روپے فی کلو جبکہ پرچون سطح پر یہ قیمت بڑھ کر 378 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

پولٹری ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بسنت فیسٹیول کے دوران چکن گوشت کی کھپت میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث سپلائی اور طلب میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے قیمتوں میں بار بار رد و بدل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمتوں میں فی الحال استحکام برقرار ہے ، مارکیٹ ذرائع کے مطابق فارمی انڈوں کی قیمت 337 روپے فی درجن پر قائم ہے، جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ دنوں میں طلب اسی طرح برقرار رہی تو چکن گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ مزید نہ بڑھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *