سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ متعارف کروانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ کھیل کو طریقہ کار مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سندھ سیکریٹریٹ میں وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی زیرِ صدارت یوتھ کارڈ متعارف کروانے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجینئر محمد اسلم مہر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان نے سیکریٹری کھیل کو ہدایت کی کہ یوتھ کارڈ کے لیے ایسا طریقہ کار مرتب کیا جائے جس سے صوبے کے نوجوان طبقے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر رواں سال جون سے قبل سندھ یوتھ کارڈ متعارف کروانے کا پلان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار، اسکالرشپ اور اسپورٹس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں مثبت مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے۔