وزیراعظم، صدر مملکت، وزیر داخلہ کا دہشتگردوں کیخلاف مستونگ کے کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم، صدر مملکت، وزیر داخلہ کا دہشتگردوں کیخلاف مستونگ کے کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں اور غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن رد الفتنہ 3: سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں دو بڑی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گرد جہنم واصل، متعدد ٹھکانے تباہ

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

Related Articles