الزام تراشی بہت ہو چکی، اب ثبوت سامنے لائیں! مصدق ملک کا بھارتی سرزمین پر شواہد کی بنیاد پر بات چیت کا مطالبہ

الزام تراشی بہت ہو چکی، اب ثبوت سامنے لائیں! مصدق ملک کا بھارتی سرزمین پر شواہد کی بنیاد پر بات چیت کا مطالبہ

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان پر انگلی اٹھانے کے بجائے شواہد اور حقائق کی بنیاد پر بات کرے۔ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو بھی ضروری ہوا، کیا جائے گا۔

نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان روز دہشت گردی کے باعث اپنے شہریوں کی لاشیں اٹھاتا ہے، اس لیے الزام تراشی کے بجائے دہشت گردی کے مسئلے پر سنجیدہ اور بامقصد بات چیت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی بار بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے، تاہم بات آگے نہیں بڑھ سکی۔ دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شواہد کی بنیاد پر گفتگو کرنی چاہیے۔

دوسری جانب نئی دہلی میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے خطے کے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات کی جانب توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کی تہذیب اور ثقافتی ورثے کے لیے ایک نئے چیلنج کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے تین اہم ادوار کا امین ہے، جبکہ دہلی کا پرانا قلعہ بذاتِ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے مختلف ادوار کے حکمرانوں نے اس تاریخی قلعے کے ورثے کی تشکیل میں کردار ادا کیا۔ وسطی ایشیا سے آنے والے ہمایوں نے قلعے کی بنیاد رکھی، جبکہ ایک دوسرے کے حریف ہمایوں اور شیر شاہ سوری آج اسی قلعے کی تاریخی شناخت کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ مئی 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورۂ بھارت ہے۔

Related Articles