شدید دھند نے پنجاب کی اہم موٹرویز پر ٹریفک کا نظام متاثر کردیا، موٹروے پولیس نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 11 کے مختلف حصے بند کردیے۔ متعدد مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی جبکہ ڈرائیورز کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کردی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔اسی طرح ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک تمام ٹریفک جبکہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اسی لیے صورتحال بہتر ہونے تک مختلف حصوں پر ٹریفک کی روانی روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے دوران رفتار کم رکھی جائے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے اور لین کی پابندی کی جائے۔
ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست رکھنے جبکہ غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔