امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم واشنگٹن کسی عارضی سمجھوتے کے بجائے ایسا طویل المدتی معاہدہ چاہتا ہے جسے مستقبل میں آنے والا کوئی امریکی صدر بھی ختم نہ کرسکے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام معاہدے کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق امریکا ایسا سمجھوتا چاہتا ہے جو چند ماہ یا چند سال بعد ختم نہ ہوجائے بلکہ طویل عرصے تک برقرار رہے۔
ٹرمپ نے مستقبل کی امریکی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ اگر امریکا میں کوئی کمزور، برا یا غیر مؤثر صدر بھی اقتدار میں آجائے تو وہ اسے ختم نہ کرسکے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ کا مقصد ایران کے ساتھ محض وقتی مفاہمت کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا پائیدار معاہدہ طے کرنا ہے جو آنے والی امریکی حکومتوں کی تبدیلی سے بھی متاثر نہ ہو۔ٹرمپ کے اس بیان نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی مدت، شرائط اور مستقبل کی امریکی حکومتوں کے کردار سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔