سیاسی محاذ آرائی چھوڑیں، کرپشن اور اربوں کے اثاثوں کا حساب دیں؛ شہریوں کا فضل الرحمن سے مطالبہ

سیاسی محاذ آرائی چھوڑیں، کرپشن اور  اربوں کے اثاثوں کا حساب دیں؛  شہریوں کا فضل الرحمن سے  مطالبہ

خیبر پختونخوا کے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پشاور میں حالیہ خطاب پر سخت ردعمل دیتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ہے۔ شہریوں نے سیاسی احتجاج کے دوران اسلحے کی نمائش کی مخالفت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان، ان کے بیٹے اسعد محمود اور اہل خانہ کے اثاثوں اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کا قیام عوامی مسائل کے حل، سرکاری اداروں تک آسان رسائی، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر چھوٹے صوبوں کے قیام سے عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں گی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

مولانا فضل الرحمان کے سیاسی مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ ماضی میں قبائلی اضلاع کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرنے والے جے یو آئی (ف) کے سربراہ اب نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ اس تبدیلی کے پیچھے ذاتی سیاسی مفادات کارفرما ہیں اور مولانا فضل الرحمان کو اپنے سابقہ مؤقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

سیاسی احتجاج کے دوران اسلحے کی  نمائش پر بھی شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں اسلحے کی نمائش اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ شہریوں نے ایسے اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

شہریوں نے قانون کے یکساں نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، اسعد محمود اور ان کے خاندان کے مالی اثاثوں اور مبینہ کرپشن سے متعلق الزامات کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ متعلقہ ادارے ان معاملات کا جائزہ لے کر قابلِ تصدیق تفصیلات عوام کے سامنے لائیں۔

شہریوں نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی محاذ آرائی اور انتشار کے بجائے ذمہ دارانہ طرزِ سیاست اختیار کریں اور دینی تعلیم، مذہبی اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دیں۔

شہریوں نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کا مطالبہ دہراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی تقسیم کا مقصد عوام کے مسائل کم کرنا، سرکاری خدمات تک رسائی بہتر بنانا اور ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔

Related Articles