ریاست اور اداروں کیخلاف بیانات ، فضل الرحمان کے خلاف معاملات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ریاست اور اداروں کیخلاف بیانات ، فضل الرحمان کے خلاف معاملات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان سے منسلک مالی معاملات، اثاثوں کی تفصیلات، انتخابی گوشواروں اور سابقہ دورِ وزارت کے فیصلوں پر اٹھنے والے سوالات نے سیاسی منظرنامے میں نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔

 ایک طرف ریاستی اداروں کے بارے میں ان کے سیاسی بیانات، حکومت مخالف تقاریر اور احتجاجی سیاست زیرِ بحث ہے تو دوسری جانب الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں میں اثاثوں اور مالی معاملات کی جانچ پڑتال کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔

معاملہ اب محض سیاسی بیانات اور جوابی الزامات تک محدود نہیں رہا۔ فضل الرحمان کے انتخابی و مالی گوشواروں میں مبینہ تضادات، اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق شکایات اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کے سابقہ دورِ وزارت میں سرکاری بھرتیوں کے معاملات نے بھی نئی بحث چھیڑ دی ہےمختلف حلقوں کی جانب سے ان معاملات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ریاستی اداروں کے خلاف بیانات، سیاسی محاذ آرائی میں شدت

فضل الرحمان کی سیاست میں حکومتوں اور ریاستی پالیسیوں پر تنقید اور احتجاجی تحریکوں کا کردار نمایاں رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں بھی ان کے سیاسی بیانات اور ریاستی اداروں کے حوالے سے مؤقف پرعوام کی طرف سے بھی شدید رد عمل آیا ہے فضل الرحمان نے ریاست کو تھو کہا جبکہ اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے اور وہ بھی بغیرثبوت ۔

یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ سیاسی اختلاف اور اداروں پر تنقید کی حدود کہاں ختم ہوتی ہیں اور قانون شکنی کہاں سے شروع ہوتی ہے۔ اگر کسی بیان میں قابلِ سزا جرم کے شواہد موجود ہوں تو متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے ،فضل الرحمان کے خلاف بیانات اور تقریریں انتہائی نامناسب اور قانونی گرفت کے لیے مکمل جواز فراہم کر رہی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے گوشوارے، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پر سوالات

فضل الرحمان کے انتخابی گوشواروں سے متعلق ایک معاملہ بھی سامنے آیاہے۔ اطلاعات کے مطابق 22 دسمبر 2023 کو جمع کرائے گئے دو مختلف انتخابی فارموں میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مختلف ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایک فارم میں الائیڈ بینک، پارلیمنٹ ہاؤس برانچ کا اکاؤنٹ درج تھا، جبکہ دوسرے فارم میں اس اکاؤنٹ کی تفصیل موجود نہیں تھی اور اس کی جگہ دوسرے اکاؤنٹ کی معلومات درج تھیں۔

اس معاملے پر الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی سے نوٹس لینے اور قانونی تقاضوں کے مطابق جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ دونوں دستاویزات میں فرق کی وجہ کیا تھی اور کیا متعلقہ گوشواروں میں تمام مالی تفصیلات درست طور پر ظاہر کی گئی تھیں؟

55 تولہ سونا، زیورات سے اسلحے کے خانے تک معاملہ کیسے پہنچا؟

اثاثوں کے گوشواروں سے متعلق ایک اور معاملہ فضل الرحمان کے خاندان کے مالی ریکارڈ کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کی اہلیہ کے نام پر 55 تولہ سونا، جس کی مالیت 2023 کے ریکارڈ میں ساڑھے 9 لاکھ روپے ظاہر کی گئی تھی، 2024 کے گوشواروں میں زیورات کے خانے سے ہٹا کر اسلحے کے خانے میں اسی مالیت کے ساتھ درج دکھائی دیا۔

اس اندراج پر سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ زیورات کی تفصیل میں تبدیلی کیوں ہوئی اور اس کی اصل وجہ کیا تھی؟ کیا یہ گوشواروں کی درجہ بندی میں غلطی تھی یا اس کے پیچھے کوئی دوسری وجہ موجود تھی؟

اسعد محمود کی وزارت میں پاکستان پوسٹ کی بھرتیاں، نیب کے بار بار طلبی نوٹس

فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ آفس کی بھرتیوں کا معاملہ بھی تحقیقات کی زد میں ہے۔ الزام ہے کہ 2022 اور 2023 کے دوران منظور شدہ آسامیوں سے زیادہ تقرریاں کی گئیں اور بعض ختم شدہ آسامیوں پر بھی بھرتیاں عمل میں لائی گئیں۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر 4 ہزار 252 افراد بھرتی کیے گئے۔ ان میں 2 ہزار 646 ختم شدہ آسامیوں پر تقرریوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔

تحقیقات میں مستقل تقرریوں، میرٹ، ڈومیسائل کوٹے، امیدواروں کی اہلیت اور بھرتیوں کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔نیب نے اسعد محمود کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے بجائے تحریری جواب جمع کرایا، جسے تحقیقاتی حکام نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید طلبی نوٹس جاری کیے۔ 17 نومبر کو جاری ہونے والی اطلاعات کے مطابق وہ تیسرے نوٹس کے باوجود بھی پیش نہیں ہوئے۔

اب بنیادی سوال یہ ہے کہ بھرتیوں کی منظوری کس سطح پر دی گئی، قواعد سے انحراف ہوا تو اس کا ذمہ دار کون تھا اور سرکاری خزانے پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا حساب کون دے گا؟

اسلام آباد کی جائیداد، ملکیت اور مالی ذرائع کی تحقیقات

فضل الرحمان اور ان کے قریبی ساتھیوں سے منسوب اسلام آباد کی جائیدادوں کا معاملہ بھی تحقیقاتی اداروں کے زیرِ جائزہ بتایا جا رہا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع ایک زیرِ تعمیر مکان کی ملکیت، خریداری، منتقلی اور تعمیر کے لیے استعمال ہونے والے مالی وسائل کے حوالے سے سوالات سامنے آئے ہیں۔ اس معاملے میں ایک شخص کی گرفتاری اور جائیداد کی مبینہ منتقلی کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

تحقیقاتی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ جائیداد کس کی ملکیت ہے، اس کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی اور کاغذات میں درج ملکیت اور اصل مالی معاملات میں کوئی فرق تو موجود نہیں۔اسی طرح ایک دوسرے مکان کے حوالے سے بھی ملکیت، کرایہ داری اور مالی لین دین کی تفصیلات جانچنے کی اطلاعات ہیں۔

ریاستی اداروں کو للکارنے کی سیاست اور قانون کی عملداری

فضل الرحمان کی سیاسی حکمت عملی میں حکومتوں کے خلاف احتجاج، سخت تقاریر اور سیاسی دباؤ کی سیاست ہمیشہ اہم رہی ہے۔ تاہم اب ان کے بیانات، اداروں کے بارے میں مؤقف اور احتجاجی سیاست کو بھی سیاسی و قانونی بحث کا موضوع بنایا جا رہا ہے۔

ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات، دھمکیوں یا ریاستی عملداری میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملات میں قانون کی حدود واضح ہیں۔ کسی بھی رہنما کو اختلاف اور احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے، لیکن تشدد، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

اگر فضل الرحمان یا ان کی جماعت کے کسی کارکن کی جانب سے قانون شکنی کی جاتی ہے تو متعلقہ ادارے شواہد کی بنیاد پر مقدمات درج کرکے کارروائی کرسکتے ہیں۔ اسی طرح کسی بھی سیاسی رہنما کے خلاف کارروائی بھی قانونی تقاضوں اور شفاف طریقہ کار کے تحت ہی ہونی چاہیے۔

رعایت یا جواب دہی، اب تمام معاملات کا فیصلہ دستاویزات سے ہوگا

فضل الرحمان اور ان کے خاندان سے متعلق سامنے آنے والے مختلف معاملات نے کئی اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ انتخابی گوشواروں میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، اہلیہ کے 55 تولہ سونے کا اندراج، اثاثوں کی مالیت، اہل خانہ کے مالی معاملات، پاکستان پوسٹ میں بھرتیاں اور اسلام آباد کی جائیدادوں کی تحقیقات، یہ تمام معاملات اپنی نوعیت کے اعتبار سے الگ الگ قانونی جانچ کے متقاضی ہیں۔

ایک طرف فضل الرحمان کی سیاسی تقاریر اور اداروں کے خلاف سخت مؤقف پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں تو دوسری جانب ان کے خاندان کے مالی معاملات اور سابقہ دورِ وزارت کے فیصلوں پر جواب طلبی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے،سیاسی میدان میں سخت بیانات اور احتجاجی اعلانات اپنی جگہ، لیکن اثاثوں اور سرکاری اختیارات سے متعلق سوالات کا جواب متعلقہ دستاویزات اور قانونی کارروائی سے ہی دینا ہوگا۔

اگر تحقیقات میں دانستہ غلط بیانی، اثاثے چھپانے، غیر قانونی بھرتیوں یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد ثابت ہوتے ہیں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ سیاسی عہدہ، جماعتی اثرورسوخ یا حکومت مخالف مؤقف کسی کو قانون سے بالاتر نہیں بنا سکتا۔

editor

Related Articles