پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا پولیس اور انتظامیہ نے مختلف مقامات پر بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے خیبرپختونخوا کے 16 مقامات پر احتجاجاً سڑکوں کو بند کیا تھا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر سڑکیں کھلوا کر ٹریفک بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی احکامات کے بعد پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آئی اور عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی۔
انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکوں سے بھی رکاوٹیں ختم کر دیں۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹر وے ایم 14، سی پیک پارک ٹول پلازا کو بھی کلئیر کر دیا گیا، جبکہ ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹرچینج بھی کھلوا دیے گئے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے صوبے کی بند سڑکیں کھولنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ 4 روز سے سڑکیں بند ہیں، صوبے کے عوام کو شدید مشکلات ہیں، لوگ جان سے جا رہے ہیں اور رولنگ پارٹی اپنے ہی صوبے کے لوگوں کو تکلیف دے رہی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ محسن نقوی کے مطابق عدالت نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے اور ان کی طرف سے جو بھی درخواست آئے گی، وفاقی حکومت اسے پورا کرے گی۔