وفاقی دارالحکومت میں موٹرسائیکل مالکان کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے تحت اب تمام موٹرسائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے اس فیصلے کا مقصد شہر میں گاڑیوں کا مکمل اور مؤثر ریکارڈ مرتب کرنا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ایم ٹیگ نہ لگوانے کی صورت میں متعلقہ شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق تمام موٹرسائیکل مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے قریبی فعال ایم ٹیگ سینٹر سے رجوع کریں، ایم ٹیگ کے حصول کے لیے موٹرسائیکل کی اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ کے ساتھ قومی شناختی کارڈ پیش کرنا ضروری ہوگا، سینٹر پر بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ہی ایم ٹیگ جاری کیا جائے گا۔
حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ درست اور مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ آئندہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے بتایا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر ایم ٹیگ سینٹرز کو اتوار کے روز بھی کھلا رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بروقت اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور غیر ضروری رش سے بچا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک نظام کی نگرانی بہتر ہوگی بلکہ چوری شدہ موٹرسائیکلوں کی فوری نشاندہی میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق ایم ٹیگ سسٹم کے نفاذ سے شہریوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔
انتظامیہ نے موٹرسائیکل مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ ہدایات پر جلد از جلد عمل کریں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔