سعودی عرب میں تیار سافٹ ڈرنک میں ایسی کیا خاص بات؟ کہ دُنیا میں دھوم مچا دی

سعودی عرب میں تیار سافٹ ڈرنک میں ایسی کیا خاص بات؟ کہ دُنیا میں دھوم مچا دی

نت نئے ذائقوں کے شوقین افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، دنیا میں پہلی بار کھجور سے تیار کردہ سافٹ ڈرنک متعارف کرا دیا گیا ہے جو صحت اور ذائقے کا منفرد امتزاج پیش کرنے کا دعویٰ رکھتا ہے۔

سعودی اخبار الاقتصادیہ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیتی کمپنی تراث المدینہ نے کھجور سے تیار کردہ مشروب ’میلاف کولا‘ کی تیاری مکمل کر لی ہے اور اسے باقاعدہ مارکیٹ میں متعارف کرانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چپس، بسکٹ، کولڈڈرنکس، آئس کریم سمیت متعدد اشیا پر ٹیکس لگانے کی تجویز

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری کھجور میلے کے دوران اس منفرد مشروب کی پہلی بار رونمائی کی گئی۔ تقریب میں وزیر زراعت عبدالرحمن الفضلی اور کمپنی کے سربراہ بندر القحطانی بھی شریک تھے۔ حکام نے اس موقع پر اسے مقامی زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

ماہرین کے مطابق کھجور قدرتی مٹھاس، فائبر، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور پھل ہے جبکہ روایتی سافٹ ڈرنکس کو عموماً زیادہ چینی اور کیمیکلز کے باعث صحت کے لیے مضر سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’میلاف کولا‘ میں کھجور کی قدرتی افادیت کو برقرار رکھتے ہوئے ایسا ذائقہ تیار کیا گیا ہے جو نوجوانوں اور بچوں سمیت ہر عمر کے افراد کو پسند آئے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مشروب کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے اور اجزا کے انتخاب سے لے کر پیکیجنگ تک ہر مرحلے پر سخت جانچ کی گئی ہے۔ کمپنی مستقبل قریب میں کھجور سے تیار مزید مصنوعات بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جن میں توانائی بخش مشروبات اور صحت افزا اسنیکس شامل ہو سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ مشروب عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر لیتا ہے تو یہ نہ صرف سعودی عرب کی زرعی صنعت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ صحت بخش متبادل مشروبات کی عالمی منڈی میں بھی نئی جہت پیدا کرے گا۔

صارفین کی جانب سے ابتدائی ردعمل مثبت بتایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر ’میلاف کولا‘ کے چرچے شروع ہو چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ منفرد کھجور ڈرنک عالمی مارکیٹ میں کس حد تک مقبولیت حاصل کرتا ہے اور کیا یہ روایتی سافٹ ڈرنکس کو حقیقی معنوں میں چیلنج دے پاتا ہے یا نہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *