خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کے مبینہ روابط سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم پر حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دیگر چار ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق شناخت ہونے والے افغان دہشتگرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان کے ایک سرغنہ کے ذاتی محافظ کے طور پر بھی سامنے آئی ہے۔
11 نومبر کو کوہاٹ کے علاقے درابوکچ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی کے بعد واپس آنے والی پولیس پارٹی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔
حملے اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس کی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد غیر قانونی کان کنی اور دہشتگردی کے درمیان مبینہ روابط کی تحقیقات نے اہم رخ اختیار کر لیا ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت، ان کے سابقہ روابط اور دستیاب تصاویر کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ایک دہشتگرد کی افغان شہریت کی شناخت مکمل ہونے کے بعد دیگر چار افراد کی شناخت کے لیے بھی کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق اس عمل میں تصاویر، سابقہ ریکارڈ اور دیگر دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی طور پر نکالے جانے والے سونے کا تقریباً 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن صوبے اور قومی خزانے کے بجائے غیر قانونی نیٹ ورکس کے ذریعے باہر منتقل ہوتی رہی۔ گورنر نے صوبے بھر میں گولڈ مائننگ کی لیزیں منسوخ کرنے اور کان کنی کے مقامات سے مشینری ہٹانے کے لیے سات روز کی مہلت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے خیبرپختونخوا امور اختیار ولی نے بھی سابق صوبائی حکومت کے دور میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی مبینہ سرپرستی اور اس میں دہشتگرد کمانڈروں کے کردار سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کے مطابق مبینہ طور پر یوتھ کمیٹی کو غیر قانونی کان کنی کے لیے استعمال کیا گیا اور افغان طالبان کمانڈروں سے وابستہ عناصر کو بھی اس نیٹ ورک میں شامل کیا گیا تھا۔
اختیار ولی نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث مقامی افراد سے دہشتگرد عناصر ماہانہ سات لاکھ روپے جبکہ بیرون علاقوں سے آنے والے کان کنوں سے 11 لاکھ روپے تک بھتہ وصول کرتے تھے۔ ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں قانونی کان کنی کے لیے جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے اور غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث کسی بھی شخص کو احتساب سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا
اختیار ولی کے مطابق سابق صوبائی حکومت کے دور میں غیر قانونی کان کنی کے ذریعے صوبے کے قیمتی قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھایا گیا، تاہم اس کا مالی فائدہ نہ صوبے کے عوام کو پہنچا اور نہ ہی قومی خزانے میں جمع ہوا۔ انہوں نے اس معاملے کو محض غیر قانونی کان کنی نہیں بلکہ جرائم، بھتہ خوری اور دہشتگردی سے جڑے ایک وسیع نیٹ ورک کا مسئلہ قرار دیا۔
ادھر کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف حکومتی کارروائی کے حوالے سے سرکاری ذرائع کے مطابق تقریباً 94 کلومیٹر علاقے سے غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیاں ختم کرائی گئی ہیں جبکہ مائننگ میں استعمال ہونے والی سپلائی لائنز بھی منقطع کی گئی ہیں۔ ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائیوں مشینری کی ضبطی، لیزوں کی منسوخی اور مبینہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات کو صوبے کے قدرتی وسائل کے تحفظ سے جوڑا جا رہا ہے۔ کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد اس معاملے نے مزید اہمیت اختیار کر لی ہے، جبکہ افغان شہری کی شناخت سے متعلق انٹیلی جنس معلومات نے سرحد پار روابط کے پہلو کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔