چار ارب کے ٹھیکے، کھربوں کی لوٹ مار،کے پی میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جے آئی ٹی قائم

چار ارب کے ٹھیکے، کھربوں کی لوٹ مار،کے پی میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جے آئی ٹی قائم

  مشیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ برائے گورنر خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں بڑے پیمانے پر پلیسر گولڈ کی غیر قانونی مائننگ جاری تھی، جس کے ذریعے قومی وسائل سے اربوں روپے کا فائدہ اٹھایا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق غیر قانونی گولڈ مائننگ کی ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد معاملے کی تفصیلات پوری قوم کے سامنے آ گئی ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ 2024 میں چار ارب روپے کے گولڈ مائننگ ٹھیکے دیے گئے تھے، جنہیں مبینہ طور پر بدنیتی کے تحت کم قیمت پر الاٹ کیا گیا۔ 2025 میں نیب انکوائری کے تحت یہ ٹھیکے روک دیے گئے تھے، تاہم ٹھیکے رکنے کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں ایکسکیویٹرز، ڈمپرز اور دیگر بھاری مشینری کے ذریعے مائننگ کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی مائننگ میں روزانہ اجرت پر آٹھ سے دس ہزار سے زائد مزدور کام کر رہے تھے، جبکہ اس مقصد کے لیے انجینئرز اور خصوصی سیٹلائٹ فون سسٹم بھی قائم کیا گیا تھا۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق اس معاملے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائیوں کے مبینہ فرنٹ مین، کزنز اور دیگر افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی اور ہادی عرف پتنگ کے نام بھی لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک رکن قومی اسمبلی، صوبائی وزیر آفتاب عالم اور ایک سینیٹر کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں، جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے نام بھی اس معاملے سے جوڑے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ غیر قانونی مائننگ میں مقامی انتظامیہ، پولیس اور بیوروکریسی کے بعض اہلکار بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا مقصد کسی کے خلاف سیاسی انتقام لینا نہیں بلکہ قومی وسائل کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔

گولڈ مائننگ کے ٹھیکے معطل، جے آئی ٹی تشکیل

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے باضابطہ حکم کے بعد گولڈ مائننگ کے ٹھیکے معطل کر دیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی مائننگ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف گرینڈ آپریشن، بلاک سی کا 95 فیصد علاقہ کلیئر کردیا گیا

ان کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج کریں گے اور اس میں قانون کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔ تحقیقاتی ٹیم ملوث افراد کی نشاندہی، ان کے خلاف قانونی الزامات کے تعین اور آئندہ کارروائی کے حوالے سے اپنی سفارشات گورنر اور ایڈوائزری کونسل کو پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان پر بھی ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

شہید پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان

خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دس پولیس اہلکاروں کی شہادت کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا، جو ٹی ٹی پی کے ایک بڑے کمانڈر کا چیف سکیورٹی گارڈ تھا۔ اس افغان شہری کی ٹی ٹی پی کمانڈر کے ساتھ تصاویر اور مختلف محاذوں پر موجودگی کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا میں سونے کی کان کنی پر بڑا ڈاکہ پکڑا گیا ، 4 ارب 93 کروڑ روپے کے ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں سے پی ٹی آئی کی لوٹ مار بے نقاب ہوگئی

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک معاملہ ہے کہ قومی وسائل سے حاصل ہونے والی رقم ان عناصر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو ہماری فورسز اور عوام کو شہید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دس شہید پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ بھی ملوث عناصر کے خلاف درج کرانا چاہتے ہیں اور اپنے شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے،انہوں نے مزید بتایا کہ نوشہرہ سے بھی غیر قانونی مائننگ کے حوالے سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles