نظریات پسِ پشت، مفادات مقدم آ گئے، مشکل میں گھرے 2 سیاسی حریفوں بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کی قربتیں کیوں بڑھنے لگیں؟

نظریات پسِ پشت، مفادات مقدم آ گئے،  مشکل میں گھرے 2 سیاسی حریفوں بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کی قربتیں کیوں بڑھنے لگیں؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے درمیان 15 نومبر کو ہونے والا اچانک ٹیلیفونک رابطہ محض علامتی یکجہتی نہیں، بلکہ دونوں رہنماؤں کی سیاسی بقا اور باہمی مفادات کے ایک گہرے سیاسی سودے کے پیچھے گھومتا ہے۔

ملکی سیاسی منظر نامے میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب 15 نومبر کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

بظاہر یہ گفتگو حکومتی دباؤ اور تنقید کے خلاف اظہارِ یکجہتی کے طور پر پیش کی گئی، تاہم سیاسی ایوانوں میں اس غیر معمولی گرم جوشی پر گہرے سوالات اٹھ رہے ہیں۔

صحافتی اصولوں کے مطابق سیاست کی بساط پر کچھ بھی مفت نہیں ہوتا اور ہر ملاقات یا رابطے کے پیچھے ٹھوس مفادات کارفرما ہوتے ہیں۔

احتساب کا دباؤ اور مولانا فضل الرحمان کی مجبوری

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت شدید سیاسی اور انتظامی دباؤ کی زد میں ہیں۔ کرپشن کی مختلف کہانیوں، خاندانی اثاثوں سے متعلق اٹھنے والے تند و تیز سوالات اور احتساب کے بڑھتے ہوئے عوامی مطالبات نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موروثی سیاست پر سوال اٹھا تو فضل الرحمان اسلامی تاریخ، قائداعظمؒ کے رہنما اُصول بھی بھول گئے، غیرمسلم سیکولرخاندانوں کوآئیڈل بنا لیا

سیاسی حریفوں کے شکنجے اور عوامی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مولانا کو ایک ایسے قوی سیاسی اتحادی کی تلاش تھی جو اس مشکل گھڑی میں ان کی ڈھارس بندھا سکے اور حکومتی دباؤ کا مقابلہ کرنے میں معاون ثابت ہو۔ اس لیے دائیں بائیں نظریں دوڑایں تو انہیں بلاول بھٹو زرداری پر نظریں جا ٹھہریں، انہوں نے بلاول بھٹو سے باقاعدہ سیاسی حمایت کی درخواست کر دی ہے۔

نئے صوبوں کا تنازع اور بلاول بھٹو کا سیاسی ہدف

میز کی دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری کو بھی اپنے محاذ پر ایک الگ سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ ملک میں نئے انتظامی یونٹس اور مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ اس وقت زور پکڑ چکا ہے، جس پر عوامی حلقوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان گرما گرم بحث جاری ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کے اس بڑھتے ہوئے رجحان نے بلاول بھٹو کی سیاسی پوزیشن کو حساس بنا دیا ہے۔ اپنی جماعت کے سیاسی مؤقف کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں ایسے اتحادیوں کی شدید ضرورت ہے جو اس مطالبے کی بھرپور مخالفت کر سکیں اور سیاسی مزاحمت کا مورچہ سنبھال سکیں۔

مفادات کا انہونا سمجھوتہ

ذرائع کے مطابق اسی مجبوری کے پیش نظر دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی ڈیل طے پائی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے فضل الرحمان کو احتساب کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے سیاسی حمایت کا یقین دلایا ہے، تو اس کے بدلے میں مولانا نے آنے والے دنوں میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کی بھرپور مخالفت اور اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کا احتجاجی پلان ناکام، پارٹی قیادت باہر نکلی نہ مدارس کے طلبہ ڈھال بنے، احتجاجی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی

دونوں رہنماؤں کے نظریات اور روایتی سیاسی ترجیحات میں زمین آسمان کا فرق ہے، لیکن اقتدار اور مفاد کی سیاست نے تمام نظریاتی دیواروں کو گرا کر ایک نیا گٹھ جوڑ جنم دے دیا ہے۔

آنے والے دنوں میں دونوں رہنما ایک دوسرے کے سیاسی ایجنڈوں کے دفاع میں پیش پیش دکھائی دیں گے، جو کہ خالصتاً مفاداتی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Related Articles