نجی شعبے کو سہولیات،عوام کو ریلیف،گورنرخیبر پختونخوا کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے فروغ پر زور

نجی شعبے کو سہولیات،عوام کو ریلیف،گورنرخیبر پختونخوا کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے فروغ پر زور

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ، منصوبوں کی تکمیل اور عوامی سہولیات کی بہتری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل، تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا،بریفنگ میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول مانسہرہ، بویون کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی اکنامک زون سمیت مجموعی طور پر 29 مختلف منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے صوبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت حاصل ہوسکیں،گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو سازگار ماحول اور کاروبار دوست سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

editor

Related Articles