مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باضابطہ اعلان کے باوجود ضلع باجوڑ کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز عیدالفطر منانے کے اعلانات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مقامی سطح پر مختلف آراء جنم لے رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے عیدالفطر ہفتہ21 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا تھا، اس سرکاری اعلان کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں اسی فیصلے کے مطابق تیاریاں جاری ہیں۔
تاہم مقامی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے مختلف علاقوں میں متعدد مساجد سے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر منانے کے اعلانات کیے گئے، ان اعلانات کے بعد مقامی افراد کی جانب سے عید کی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جس سے علاقے میں مختلف آراء اور صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اعلانات مقامی سطح پر کیے گئے ہیں اور ان کا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے سے اختلاف پایا جاتا ہے۔ اس صورت حال کے باعث بعض مقامات پر لوگ جمعہ کو جبکہ دیگر افراد ہفتہ کو عید منانے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہر سال شوال کے چاند کی رویت کے معاملے پر ملک کے مختلف علاقوں میں اختلافات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم حتمی اور سرکاری اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جاتا ہے، جس کی روشنی میں سرکاری تعطیلات اور دیگر انتظامات کیے جاتے ہیں۔