میڈیا کو قیاس آرائیوں سے بچنے اور صرف سرکاری بیانات پر بھروسہ کرنے کی ہدایت: ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرا بی

میڈیا کو قیاس آرائیوں سے بچنے اور صرف سرکاری بیانات پر بھروسہ کرنے کی ہدایت:   ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرا بی

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے حالیہ علاقائی تنازع اور اس حوالے سے جاری امن کوششوں سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان رپورٹس کو حقیقت سے دور اور قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ میڈیا میں نام نہاد ‘سرکاری ذرائع’ کے حوالے سے جو خبریں چلائی جا رہی ہیں، ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جمعہ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو غلط رنگ میں پیش کیا گیا ہے۔ ان مخصوص مسائل کا بریفنگ میں کوئی ذکر نہیں ہوا جن کا حوالہ میڈیا رپورٹس میں دیا جا رہا ہے۔

خطے کی حساس صورتحال کے پیشِ نظر، ترجمان نے میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری کے لیے رازداری اور ذمہ داری انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر جب علاقائی حالات کشیدہ ہوں۔

تمام میڈیا ہاؤسز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر ہی بھروسہ کریں اور خبر نشر کرنے سے پہلے اس کی مکمل چھان بین کو یقینی بنایا جائے۔

دفترِ خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی ثالثی کے حوالے سے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا میں مختلف دعوے کیے جا رہے تھے۔ اس وضاحت کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان ان حساس معاملات پر صرف باضابطہ ذرائع سے ہی معلومات فراہم کرے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا سفارتی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: امریکا اور ایران ممکنہ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کرنے کی کوششیں، اسحاق ڈار متحرک ہیں، دفتر خارجہ کا انکشاف

editor

Related Articles