وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے یہ مؤقف جدہ میں سعودی ولی عہد سے طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر اور تحمل کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ادھر وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا اور حالیہ صورتحال میں سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور سعودی قیادت کا رویہ خطے کے امن کے لیے ایک مثال ہے۔

