وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات میں پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارتی مشنز اور آئندہ اعلیٰ سطحی روابط کے حوالے سے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پاکستان میں غیر ملکی شخصیات کے دوروں اور آئندہ ہونے والی اہم سفارتی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے امریکی سفیر کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان تمام غیر ملکی مہمانوں، سفارتکاروں اور وفود کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پہلے سے تیار کیا جا چکا ہے۔
ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اسی مقصد کے تحت تمام سفارتی سرگرمیوں کو محفوظ ماحول میں جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکی سفیر نے پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات اور سفارتی تعاون کو سراہا اور مختلف امور پر پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد میں اہم غیر ملکی وفود اور علاقائی مذاکراتی سرگرمیوں کے باعث سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں