صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہی ان کی سیاست کا بنیادی محور ہے اور حکومت اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کر رہی ہے۔
وہ ضلع شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں جہاں انہوں نے حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات کی ،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاک ڈاؤن صرف مجبوری کے حالات میں نافذ کیا گیا تھا اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے اسے ختم کر دیا جائے گا۔
انہوں نے عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک اور بھارت میں بھی حالات متاثر ہوئے ہیں، تاہم پاکستان میں حکومتی حکمت عملی کے باعث صورتحال قابو میں ہے۔
توانائی بحران کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ عارضی ہے اور جلد ختم ہو جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایسے اقدامات کیے ہیں جن کے باعث ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخوپورہ میں 45 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
انہوں نے “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کے نظام میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے سڑکوں، سیوریج، واٹر ٹینکس اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بیوٹیفکیشن منصوبوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے شہروں کا نقشہ بدل جائے گا اور بازاروں کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ آئندہ دس روز میں شیخوپورہ میں گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس میں طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات موجود ہوں گی۔