پاکستانی آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے جہاں ایک پاکستانی کمپنی نے افریقہ میں سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی منصوبے کا کامیاب آغاز کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق پہلا منصوبہ تنزانیہ میں مکمل کیا گیا ہے جہاں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہائی کیپیسٹی انٹرنیٹ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کو خطے میں ڈیجیٹل رابطے بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ معروف پاکستانی آئی ٹی کمپنی سپرنیٹ گلوبل نے شروع کیا ہےجس نے افریقہ میں سیٹلائٹ بیسڈ کنیکٹیویٹی سروسز کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ان علاقوں میں بھی تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جا سکے گا جہاں روایتی انفراسٹرکچر موجود نہیں۔
سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی خاص طور پر ان علاقوں کے لیے مؤثر حل ثابت ہو رہی ہے جہاں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کمزور یا محدود ہے۔ یہ نظام فوری تعیناتی کے ساتھ تیز رفتار سروس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی نے افریقہ میں صرف انٹرنیٹ سروسز ہی نہیں بلکہ آئی سی ٹی انفراسٹرکچر، سائبر سیکیورٹی اور دیگر ڈیجیٹل سروسز میں بھی مزید توسیع کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق سپرنیٹ گلوبل کی یہ عالمی توسیع پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کی بین الاقوامی ڈیجیٹل ساکھ بھی مزید مضبوط ہوگی۔