کمپنی کو نئی پالیسی متعارف کرانے کے بعد صارفین، پبلشرز اور مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔
میٹا، جو فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ، میسنجر اور تھریڈز کی مالک ہے، نے ابتدائی طور پر ایسی شرائط متعارف کرائی تھیں جن کے تحت اسے کاروباری صارفین کی ویب سائٹس سے مواد حاصل کرنے اور اسے اپنے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کرنے کا اختیار مل سکتا تھا۔
اکتوبر کے وسط میں ان شرائط کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں ردعمل دیکھنے میں آیا۔ امریکا اور برطانیہ کے سیاست دانوں سمیت مختلف حلقوں نے بھی اس پالیسی پر اعتراضات اٹھائے۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ نئی شرائط کے ذریعے پبلشرز اور کاروباری اداروں کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق کاروباری صارفین کو میٹا کے پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپنی ویب سائٹس پر موجود مواد سے متعلق اختیار اور کنٹرول سے دستبردار ہونا پڑ سکتا تھا۔
مسلسل تنقید کے بعد میٹا نے اپنے عوامی بیانات اور پالیسی کی زبان میں تبدیلیاں کرنا شروع کر دیں۔ کمپنی نے نئی شرائط سے لفظ ’ٹرین‘ یعنی تربیت بھی ہٹا دیا، تاکہ صارفین کے اس خدشے کو کم کیا جا سکے کہ ان کی تحریروں اور دیگر مواد کو مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔