پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم سائیکو کی شوٹنگ کے دوران ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا سامنا کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی تجربات پر کھل کر بات کی۔ میرا نے ان خبروں کو مسترد کیا کہ وہ علاج کے لیے امریکا کے کسی نفسیاتی ہسپتال میں داخل ہوئیں اور واضح کیا کہ اصل وجہ ان کے کردار کی شدت تھی۔
میرا کے مطابق فلم سائیکو میں کردار اتنا گہرا اور جذباتی تھا کہ اس نے ان کی ذہنی صحت پر اثر ڈالاخاص طور پر شوٹنگ کے ابتدائی مرحلے میں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں خود کو اس کردار سے باہر نکالنے اور ذہنی توازن بحال کرنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑی۔
میرا نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب وہ کسی کردار میں اتنی شدت سے ڈوب گئیں کہ اس کا اثر حقیقی زندگی پر بھی پڑا۔انہوں نے ہدایت کار شان شاہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہیں سکھایا کہ کردار کو پوری طرح کیسے جیا جاتا ہے۔
فلم سائیکو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے کی توقع ہےجس کی کاسٹ میں جاوید شیخ، سونیا حسین، نیئر اعجاز اور شبیر جان شامل ہیں۔
کبھی کبھی اداکار اپنے کردار میں اتنا ڈوب جاتے ہیں کہ وہ اصل زندگی اور کردار کے جذبات کو الگ نہیں کر پاتے۔ یہی وجہ ہے کہ میرا کو بھی وقتی طور پر ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا۔