ایران نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور تعلق کو دنیا میں بے مثال قرار دیا ہے۔
ایرانی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی تعاون مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے درمیان ملاقات میں پاک ایران تعلقات سمیت خطے کی صورتحال اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن رضائی نے کہا کہ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون بھی ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا باہمی تعاون اور یکجہتی کے ذریعے خطے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات گزشتہ چند ماہ کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی رابطوں اور تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔