ایک وقت میں سوشل میڈیا کی دنیا پر راج کرنے والا معروف پلیٹ فارم مائی اسپیس تقریباً 2 دہائیوں بعد ایک بار پھر واپسی کی تیاری کر رہا ہے۔
مائی اسپیس کی ممکنہ واپسی کی خبر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے، تاہم اہم سوال یہ ہے کہ کیا یہ پلیٹ فارم موجودہ دور کی نئی نسل کو بھی اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہوسکے گا؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی اسپیس کے مالکان نے اگست 2026 میں تصدیق کی ہے کہ تاریخی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 20 سال سے زائد عرصے بعد نئے انداز میں دوبارہ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
مائی اسپیس کی بنیاد 2003 میں ٹام اینڈرسن اور کرس ڈی وولف نے رکھی تھی۔ 2008 تک یہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس میں شامل ہوچکا تھا اور اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد تقریباً 11 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
مائی اسپیس کی خاص بات اس کے منفرد فیچرز تھے۔ صارفین اپنے پروفائل کو اپنی مرضی کے مطابق ڈیزائن کرسکتے، پروفائل پر موسیقی شامل کرسکتے اور اپنے پسندیدہ آٹھ دوستوں کی فہرست بھی بناسکتے تھے۔ اس کے علاوہ ٹام اینڈرسن تقریباً ہر نئے صارف کے پہلے دوست کے طور پر نظر آتے تھے۔
تاہم فیس بک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے مائی اسپیس کے مستقبل کو شدید متاثر کیا اور وقت کے ساتھ اس کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے کمی آنے لگی۔ بعد ازاں وینڈرہوک برادران نے اپنی کمپنی اسپیسفک میڈیا کے ذریعے مائی اسپیس کو 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔ یہ کمپنی بعد میں وینٹ ٹیکنالوجی کے نام سے جانی گئی۔
مائی اسپیس کو 2013 میں بھی نئے انداز میں دوبارہ لانچ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم یہ تجربہ کامیاب ثابت نہ ہوسکا اور کمپنی کو 15 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کامیاب واپسی کے لیے مائی اسپیس کو جنریشن زیڈ اور جنریشن الفا کی ضروریات اور سوشل میڈیا عادات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کبھی سوشل میڈیا کی دنیا کے سب سے بڑے ناموں میں شمار ہونے والا مائی اسپیس دوسری اننگز میں خود کو نئے دور کے صارفین کے لیے کتنا موزوں بنا پاتا ہے۔