برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اہلیہ کے ہمراہ سرکاری دورے پر امریکہ پہنچ گئے

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اہلیہ کے ہمراہ سرکاری دورے پر امریکہ پہنچ گئے

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اپنی اہلیہ ملکہ کمیلا کے ہمراہ اپنے پہلے سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سیاست میں تبدیلیاں، معاشی دباؤ اور جغرافیائی کشیدگی کے باعث بڑی طاقتیں اپنے باہمی تعلقات کو ازسرنو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ واشنگٹن کے قریب ایک فوجی اڈے پر اترا، جہاں اعلیٰ امریکی حکام نے ان کا استقبال کیا ،بادشاہ چارلس سوم کا بطور بادشاہ یہ امریکا کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور خصوصی تعلقات کے نئے مرحلے کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دورے کا بنیادی مقصد برطانیہ اور امریکا کے درمیان سفارتی، معاشی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے ،دونوں ممالک تاریخی طور پر قریبی اتحادی رہے ہیں تاہم حالیہ برسوں میں بعض پالیسی اختلافات اور عالمی حالات کے باعث تعلقات میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے جس کے بعد اس دورے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :سفارتی اہمیت کا حامل دورہ: شہزادہ ولیم کی سعودی عرب آمد

دورے کے دوران بادشاہ اور ملکہ کی ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ سے بھی متوقع ہے جبکہ صدارتی رہائش گاہ میں ان کے اعزاز میں سرکاری تقریب اور ضیافت کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اعلیٰ سطحی سیاسی و سفارتی ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

بادشاہ چارلس سوم امریکی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جسے ایک غیر معمولی سفارتی اعزاز سمجھا جا رہا ہے ،یہ دورہ امریکا کی آزادی کے ڈھائی سو سال مکمل ہونے کی تقریبات کے موقع پر بھی ہو رہا ہے جس سے اس کی علامتی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ شاہی جوڑا نیویارک سمیت دیگر اہم مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔

editor

Related Articles