نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلا کو روکنا ایک غیر قانونی اقدام ہے جبکہ انسانی ہمدردی کے کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور تمام امدادی کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب 11 ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فلوٹیلا ایک پرامن اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا جس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ دلانا تھا۔
مشترکہ بیان میں ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، اردن، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، پاکستان، جنوبی افریقہ اور اسپین شامل تھے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملہ اور کارکنان کی غیر قانونی حراست بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ انسانی ہمدردی کے تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائےجبکہ خلاف ورزیوں پر احتساب ہونا چاہیے۔