خوارج پاکستانی سیکیورٹی فورسز سے شکست کے بعد شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، عطاء تارڑ

خوارج پاکستانی سیکیورٹی فورسز سے شکست کے بعد شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، عطاء تارڑ

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں معصوم شہریوں پر حملے انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز سے شکست کے بعد شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عطاء تارڑ نے باجوڑ میں ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ باجوڑ میں 9 شہری شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ باجوڑ کے واقعے میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور کمسن بچے بھی متاثر ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹر حملے میں کرکٹ کھیلتے ہوئے تین شہری زخمی ہوئے۔

وزیر اطلاعات نے افغان طالبان پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے پاکستان پر الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے اور کارروائیوں میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں پاکستان کو عظیم فتح ملی، پوری دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا، وفاقی وزیر عطاءاللّٰہ تارڑ

عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ پاکستان کی جنگ سچائی، اصولوں اور عزم پر مبنی ہے انہوں نے کہا کہ خوارج اور ان کے سرپرستوں کا راستہ شرم اور فریب پر مبنی ہے۔

Related Articles