دنیا میں ایسے کئی پل موجود ہیں جو اپنی ساخت اور خوبصورتی کی وجہ سے توجہ حاصل کرتے ہیں لیکن ایک ایسا منفرد پل بھی ہے جس کی وجہ سے یہ پوری دنیا میں مشہور ہو گیا ہے کیونکہ یہاں سے بیک وقت چار ممالک کو دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ منفرد پل افریقی ملک زیمبیا میں دریائے زیمبیزی پر واقع کازنگولا برج ہے۔ یہ پل اگرچہ تعمیراتی خوبصورتی کے لحاظ سے سب سے شاندار نہیں سمجھا جاتا لیکن اپنی جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے اسے دنیا کے انتہائی خاص مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ پل زیمبیا اور بوٹسوانا کو آپس میں جوڑتا ہے جبکہ اس کے آس پاس ہی نمیبیا اور زمبابوے کی سرحدیں بھی موجود ہیں۔ یوں اس پل پر کھڑے ہو کر ایک ہی وقت میں چار ممالک کی حدود کو دیکھا جا سکتا ہے، جو اسے دنیا میں اپنی نوعیت کا ایک انتہائی نایاب مقام بناتا ہے۔
یہ پل تقریباً تین ہزار اٹھائیس فٹ لمبا ہے اور اس میں دو لینز، ایک ریلوے ٹریک اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ بھی شامل ہے۔ اسے مئی 2021 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ یہ بنیادی طور پر زیمبیا اور بوٹسوانا کو ملاتا ہے لیکن اس کے دونوں اطراف نمیبیا اور زمبابوے بھی بالکل قریب واقع ہیں جس کے باعث یہاں ایک غیر معمولی جغرافیائی منظر تشکیل پاتا ہے۔
نقشوں کے مطابق یہ دنیا کے ان چند مقامات میں سے ایک ہے جہاں چار ممالک کی سرحدیں ایک دوسرے کے انتہائی قریب آ کر ملتی ہیں۔ عام طور پر سرحدیں دو یا تین ممالک تک محدود ہوتی ہیں لیکن یہاں دریا کے ایک ہی خطے میں چار مختلف ممالک کی سرحدیں ایک ساتھ موجود ہیں، جو اسے عالمی جغرافیہ کا ایک حیرت انگیز مقام بناتا ہے۔