عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلاء کی ملاقات کے بعد اہم پیش رفت، معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلاء کی ملاقات کے بعد اہم پیش رفت، معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت اور آنکھ کے سنگین مسئلے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی، وکلاء کی جیل میں ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں سے مکمل طبی معائنہ کرانے اور ممکنہ سرجری سمیت تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

بشریٰ بی بی نے سینئر وکلاء سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی تکلیف اور دیکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے ان کی صحت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مزید تاخیر کے بغیر خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرنا ضروری ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے ان کے تفصیلی طبی معائنے ضروری ٹیسٹوں اور ممکنہ سرجری کے لیے تمام انتظامات کیے جائیں اور علاج کی غرض سے انہیں کسی مستند اور خصوصی طبی سہولیات کے حامل اسپتال منتقل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمِ اسلام کی بااثر ترین شخصیت قرار پانا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عالمی کردار کا کھلا اعتراف ہے، شہریوں کا خراجِ تحسین

درخواست میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان جیل ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 10 نومبر کو ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق آگاہ کیا تھا جبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے خود اپنی آنکھ کی ممکنہ سرجری کے بارے میں قانونی ٹیم کو تفصیلات فراہم کیں۔

درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کو آنکھ میں شدید تکلیف اور دیکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آنکھوں میں تکلیف کی شکایت کے تقریباً سات سے آٹھ روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ درخواست گزار کے بقول معائنے کے بعد ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کی آنکھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر انتہائی اہم نوعیت کی سرجری کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر آگاہ کیا گیا کہ مجوزہ سرجری کے دوران ان کی آنکھ کی بینائی متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اس صورتحال کے باعث ان کے علاج، طبی نگرانی اور بروقت سرجری کے انتظامات کو انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔

قانونی ٹیم نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے اسپیشلائزڈ اسپتال منتقل کرنے میں تاخیر نہ کی جائے اور ان کی صحت سے متعلق تمام طبی معلومات اور ریکارڈ عدالت کے سامنے لایا جائے تاکہ علاج کے حوالے سے ضروری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

درخواست میں بنیادی طور پر تین اہم مطالبات سامنے رکھے گئے ہیں جن میں مکمل میڈیکل ریکارڈ کی فراہمی آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں سے فوری معائنہ اور ممکنہ سرجری کے لیے خصوصی اسپتال منتقلی شامل ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles