ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کے بیٹے جیڈن اسمتھ کی مبینہ منگنی کی خبروں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 28 سالہ جیڈن اسمتھ نے 82 سالہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر مشیل لامی سے منگنی کرلی ہے، تاہم اس غیر معمولی خبر کی حقیقت تاحال سامنے نہیں آسکی۔
یہ افواہیں 9 نومبر کو اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دونوں کی ملاقات کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ ان تصاویر کی صداقت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
معاملہ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں نے منگنی کرلی ہے اور مشیل لامی اپنی محبت ثابت کرنے کے لیے اپنی 80 فیصد جائیداد جیڈن اسمتھ کے نام کرنے پر تیار ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کے حق میں کوئی مستند ثبوت یا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
دستیاب رپورٹس کے مطابق جیڈن اسمتھ اور مشیل لامی نے نہ اپنے تعلقات کی تصدیق کی ہے اور نہ ہی منگنی کا کوئی اعلان کیا ہے۔ اس کہانی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ مشیل لامی معروف فیشن ڈیزائنر رک اوونز کی اہلیہ ہیں۔ دونوں نے 2006 میں شادی کی تھی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر کے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یعنی فی الحال جیڈن اسمتھ کی 82 سالہ فیشن ڈیزائنر سے منگنی اور 80 فیصد جائیداد ان کے نام کرنے کی کہانی محض سوشل میڈیا کے دعووں تک محدود ہے، اس کی کوئی مستند تصدیق موجود نہیں۔