معرکۂ حق تقریبات کی تیاریاں تیز، جنگی طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ

معرکۂ حق تقریبات کی تیاریاں تیز، جنگی طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ

اسلام آباد میں معرکۂ حق کی تقریبات کی تیاریوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں شروع ہو گیا ہے جس کے تحت پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی اور شہر کی فضاؤں میں اپنی شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔

 اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آج صبح اور دوپہر کے اوقات میں جنگی طیاروں کی پروازیں دیکھی گئیں جنہوں نے منظم فارمیشن میں فلائی پاسٹ کی مشق کی۔ طیاروں کی گھن گرج سے شہر کی فضائیں گونج اٹھیں جبکہ شہریوں میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

ریہرسل کے دوران مختلف جنگی طیاروں نے اسلام آباد کے فضائی راستوں پر پروازیں کیں اور ممکنہ پریڈ یا تقریب کے لیے اپنی پیشہ ورانہ تیاریوں کا مظاہرہ کیا۔ طیاروں کی پروازیں دیکھ کر شہری بڑی تعداد میں گھروں کی چھتوں کھلی جگہوں اور سڑکوں پر جمع ہو گئے اور فضائی کرتبوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنگ بندی کے بعد ایران پر تازہ امریکی حملے،ٹرمپ نے تفصیلات جاری کر دیں

اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک بھی وقتی طور پر سست روی کا شکار رہی جبکہ بازاروں اور تجارتی مراکز میں لوگ طیاروں کی پروازیں دیکھنے کے لیے باہر نکل آئے۔ شہریوں نے موبائل فونز کے ذریعے مناظر کو محفوظ کیا اور اس لمحے کو یادگار بنانے کی کوشش کی۔

فلائی پاسٹ ریہرسل کے دوران طیاروں نے انتہائی کم بلندی پر بھی شاندار فارمیشنز میں پروازیں کیں جس سے فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح اظہار ہوا۔

حکام کے مطابق یہ مشقیں معرکۂ حق کی مرکزی تقریبات کی تیاریوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد قومی دن کی مناسبت سے فضائی طاقت اور نظم و ضبط کا شاندار مظاہرہ کرنا ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے پاک فضائیہ کی اس ریہرسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مناظر نہ صرف قومی جذبے کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ بھی مزید مضبوط کرتے ہیں

editor

Related Articles