اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر ہم پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو اُن کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے خلاف بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں مثالی دفاع پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ہم اُن کے نظم و ضبط، تیاری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاکستان کے عوام کے اتحاد، استقامت اور غیرمتزلزل عزم کو سراہتے ہیں، جنہوں نے پورے اعتماد اور ثابت قدمی کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ معرکہ حق قومی قوت اور اسٹریٹجک بصیرت کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا۔ اس نے یہ حقیقت ایک بار پھر واضح کر دی کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار مقدس اور ناقابلِ تسخیر ہیں۔ اس نے یہ بھی ثابت کیا کہ جارحیت کو کسی “نئے معمول” کے پردے میں نہیں چھپایا جا سکتا، اور نہ ہی جھوٹے بیانیوں کے ذریعے جنوبی ایشیا میں جبر یا تنازع کو جائز قرار دیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسلامک سنٹر روٹرڈیم کے زیر اہتمام پروگرام کا انعقاد، افواج پاکستان کو خراج تحسین
پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن امن کی بنیاد انکارِ حقائق، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور یکطرفہ اقدامات پر نہیں رکھی جا سکتی۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام کے لیے تمام تنازعات، بالخصوص جموں و کشمیر کے مسئلے، کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پُرامن حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی روشنی میں مکالمے، سفارت کاری، تعاون اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اسی عزم کا اظہار جولائی 2025 میں پاکستان کی قیادت میں سلامتی کونسل کی متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد 2788 میں بھی ہوا، جس کا مقصد تنازعات کے پُرامن حل کے طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
معرکۂ حق کی یاد مناتے ہوئے ہم اپنی مسلح افواج پر فخر، اپنے عوام پر اعتماد، اور پاکستان کی اصولی سفارت کاری پر کامل یقین کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان انصاف کے ساتھ امن، تیاری کے ساتھ تحمل، اور وقار کے ساتھ مکالمے پر یقین رکھتا ہے۔ ہمارا پیغام واضح ہے: ہم خلوصِ نیت کے ساتھ امن کی کوشش جاری رکھیں گے، اور اپنے اقتدارِ اعلیٰ کے دفاع کے لیے پُرعزم رہیں گے۔