فرانس سے برطانیہ غیرقانونی طور پر تارکینِ وطن پہنچانے والے بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں جرمنی کی ایک کمپنی کی کشتیوں کے مبینہ استعمال کا معاملہ بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار ماہ کے دوران انگلش چینل کے راستے ہونے والے غیرقانونی سمندری سفر کے تقریباً 29 فیصد میں جرمن کمپنی کی کشتیاں استعمال کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2024 سے مئی 2026 تک اس کمپنی کی کم از کم 82 کشتیاں برطانوی ساحلوں تک پہنچیں۔ مزید یہ کہ رواں سال کے ابتدائی چار ماہ میں انہی کشتیوں کے ذریعے کئی ہزار تارکینِ وطن کو غیرقانونی طور پر برطانیہ منتقل کیے جانے کا شبہ ہے۔
انگلش چینل میں انسانی جانوں کا ضیاع
غیرقانونی نقل مکانی کے لیے استعمال ہونے والے سمندری راستے پر حادثات اور ہلاکتوں کی تعداد بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کے دوران کم از کم 28 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ رواں سال نومبر تک مزید 25 تارکینِ وطن کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔
جرمن کاروباری شخص کے خلاف گرفتاری وارنٹ
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ فرانسیسی پولیس نے انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں مبینہ کردار کے شبہے میں ایک جرمن کاروباری شخص کے خلاف یورپی گرفتاری وارنٹ جاری کردیا ہے۔ تحقیقات میں جرمن کمپنی کی کشتیوں کے استعمال اور غیرقانونی نقل مکانی کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
