بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک مدرسے کے اندر نصب پنکھے پر میڈ اِن پاکستان کا لیبل نظر آنے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دونوں کو رہا کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پنکھے کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور بعض حلقوں کی جانب سے اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
مقامی پولیس نے واقعے کی جانچ شروع کرتے ہوئے مدرسے کے منتظم سمیت دو افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا، وشن پورہ تھانے کے افسر ونے مشرا کے مطابق پولیس نے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ پنکھا سعودی عرب سے خریدا گیا تھا، متعلقہ افراد نے خریداری سے متعلق دستاویزات بھی حکام کے سامنے پیش کیں جن کی تصدیق کے بعد پولیس کو کوئی مشکوک بات نہیں ملی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکمل انکوائری اور ریکارڈ کی جانچ کے بعد دونوں افراد کو رہا کر دیا گیا کیونکہ ان کے خلاف کسی غیر قانونی سرگرمی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔