معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر قومی اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں منظور

معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر قومی اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں منظور

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں معرکۂ حق کی کامیابی کے حوالے سے متفقہ قراردادیں منظور کر لی گئیں جن میں افواجِ پاکستان، شہداء اور پوری قوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قومی اسمبلی میں قرارداد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان قومی فخر کے ساتھ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتا ہے۔

قرارداد کے مطابق پہلگام واقعے کے فوراً بعد بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات اور منفی مہم شروع کی، جبکہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، ایوان نے بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیز رویے کی شدید مذمت کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے متوازن، فوری اور مؤثر ردعمل دیا جس نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا، ایوان نے ہر سپاہی اور افسر کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے جے 10 سی طیاروں نے دشمن کے اہم عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں :بھارت میں بھی معرکہ حق کی گونج، نئی دہلی ہائی کمیشن میں پروقار تقریب،پاک فوج کے حق میں نعرے

ایوان نے معرکہ حق کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہےدوسری جانب پنجاب اسمبلی نے بھی معرکۂ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کر لی، قرارداد وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر دفاعی اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہے، جبکہ معرکۂ حق کے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ معرکۂ حق میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور یہ کامیابی قومی اتحاد، یکجہتی اور مسلح افواج کی بہادری کا نتیجہ ہے،اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لیے متحد ہے۔

editor

Related Articles