گوادر پورٹ پر بحری سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ایک اور بڑا ٹرانس شپمنٹ جہاز کامیابی کے ساتھ لنگر انداز ہوگیا ہے جسے پاکستان کی بندرگاہی اور تجارتی ترقی کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے اعلان کیا کہ ایم وی یوان ہانگ ویئے نامی کارگو جہاز گوادر پورٹ پہنچ چکا ہے۔ جہاز میں 34 ہزار ٹن بلک کارگو اور 20 ہزار ٹن دیگر سامان موجود ہے، جبکہ ابوظبی اور کویت کیلئے سامان بھی گوادر میں اتارا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز خطرے میں؟ عرب ممالک نے متبادل راستہ ڈھونڈ لیا، سامان گوادر پورٹ منتقل ہونا شروع
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد گوادر پورٹ پر تیزی سے بڑھ رہا ہے اور یہ بندرگاہ خطے میں تجارت اور ٹرانزٹ سرگرمیوں کا اہم مرکز بنتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے معاشی سرگرمیوں کا نیا دروازہ ثابت ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بین الاقوامی ٹرانزٹ ٹریفک میں اضافے کیلئے گوادر پورٹ پر مختلف چارجز میں نمایاں کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔ برتھنگ فیس میں 25 فیصد، ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر چارجز میں 40 فیصد جبکہ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز میں 31 فیصد تک کمی کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :گوادر پورٹ پاکستان کی تجارتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہے، احسن اقبال
حکومت نے سرمایہ کاروں اور شپنگ کمپنیوں کو مزید سہولت دینے کیلئے گوادر پورٹ پر جنرل کارگو کو ایک ماہ تک مفت رکھنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے گوادر پورٹ عالمی تجارتی روٹس میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکے گا اور پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں :گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ آج سے آپریشنل ہوگا

