نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر انرجی اور نیٹ میٹرنگ سے متعلق اپنی پالیسی پر مؤقف برقرار رکھا ہے اور سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے لائسنس کی شرط بدستور لاگو رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا کے ذرائع کے مطابق 1 سے 25 کلو واٹ تک کے سولر سسٹم لگانے والے صارفین کے لیے بھی نیپرا سے لائسنس لینا ضروری ہوگا۔ تاہم، اس حد تک کے سسٹمز کے لیے لائسنس فیس ختم کر دی گئی ہے تاکہ عام صارفین پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔
نیپرا نے واضح کیا ہے کہ لائسنس جاری کرنے کا مکمل اختیار اب بھی اسی ادارے کے پاس رہے گا۔ اس کے علاوہ، سولر صارفین کو نیٹ میٹرنگ کنکشن حاصل کرنے کے لیے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کروانا ضروری ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس کے کوئی بھی صارف آن لائن درخواست نہیں دے سکے گا۔ جو صارفین پہلے ہی اپنی درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، ان پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پاور ڈویژن نے سفارش کی تھی کہ 25 کلو واٹ تک کے سولر سسٹمز کے لیے لائسنس کی شرط ختم کر دی جائے، تاہم نیپرا نے صرف فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لائسنس کی شرط برقرار رکھی جائے تاکہ سولر انرجی کے نظام میں شفافیت برقرار رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ رواں ماہ متوقع ہے، جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ لائسنس کی شرط مکمل طور پر ختم ہوگی یا موجودہ نظام ہی جاری رکھا جائے گا۔