منشیات کیس کی مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کی نئی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں اس نے اپنی گرفتاری اور نیٹ ورک سے متعلق اہم اشارے دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی نے آڈیو پیغام کے ذریعے اپنے مبینہ کلائنٹس کو اپنی ممکنہ گرفتاری سے قبل ہی آگاہ کیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ اگر اس کے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آئے تو اسی نمبر سے اس کے ایک قریبی ساتھی کے ذریعے رابطہ کیا جائے۔
آڈیو میں مبینہ طور پر انمول پنکی یہ کہتی سنائی دیتی ہے کہ اگر اسے کچھ ہوتا ہے تو اس کا ایک دوست اس کام کو آگے ہینڈل کرے گا اور اسی نمبر کے ذریعے رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ آڈیو میں اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کے نیٹ ورک کا کام کسی صورت نہیں رکے گا اور متبادل رابطہ موجود رہے گا۔
منشیات کیس کی مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کے معاملے میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں تحقیقات کے دائرہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر نیا انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق انمول عرف پنکی کیس کی تحقیقات سے ایس ایس پی ساؤتھ کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ عدالت میں ملزمہ کی پیشی کے دوران سامنے آنے والے معاملات پروٹوکول کے استعمال اور سیکیورٹی انتظامات میں مبینہ غفلت کی مکمل تحقیقات کریں گے۔ انکوائری کا دائرہ اس بات تک بھی بڑھایا گیا ہے کہ آیا عدالتی پیشی کے دوران کسی قسم کی لاپروائی یا قواعد کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔
حکام نے بتایا ہے کہ ڈی آئی جی ویسٹ کو تین روز میں ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ غفلت اور لاپروائی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔